
بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سیکیورٹی فورسز نے 2 انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جب کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کا ایک جوان بھی شہید ہوگیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے یکم نومبر 2026 کو بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر 2 الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شہر میں ناکہ بندی کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادیا۔ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خاران میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کردیا، کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 دہشت گرد مارے گئے جب کہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
خاران میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی حکمت اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، شہید سپاہی کی عمر 25 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں علاقوں میں کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کی موجودگی کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان سے متعلق وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’عزم استحکام‘ کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بھرپور مہم جاری رہے گی، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 17 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کی ہلاکت پرسیکیورٹی فورسز کوسلام پیش کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا سرمایہ ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بلوچستان میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی حکمت اللہ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپاہی حکمت اللہ نے وطن کی خاطر اپنی جان قربان کرکے ایک اعلیٰ مثال قائم کی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔