بوسنیا میں اطالوی فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 4 افراد ہلاک، 11 زخمی

بوسنیا اور ہرزیگووینا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے یورپی یونین کا امن مشن کام کر رہا ہے، جس میں مختلف ممالک کے فوجی اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ اسی مشن کے دوران ایک اطالوی فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حادثہ جمعرات کو پیش آیا۔ اٹلی کی وزارت دفاع نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر سی ایچ 47 میں مجموعی طور پر 15 افراد سوار تھے، جن میں سے چار جان کی بازی ہار گئے جبکہ 11 زخمی ہوئے۔

وزارت دفاع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اطالوی فوج کے دو اہلکار اور اطالوی ریڈ کراس کے رضاکار ملٹری کور کے دو ارکان شامل تھے۔ زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

اٹلی کی خبر رساں ایجنسی اے این ایس اے کے مطابق ہیلی کاپٹر بوسنیا کے ضلع برچکو کے گاؤں گوریس میں گر کر تباہ ہوا۔ مقامی میڈیا پر نشر ہونے والی تصاویر میں فوجی ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹر زمین پر الٹا پڑا اور کئی ٹکڑوں میں بکھرا ہوا دکھائی دیا۔

اٹلی کے وزیر دفاع گائیڈو کروسیٹو نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کی اولین ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔

اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں ہلاک ہونے والوں، ان کے اہل خانہ اور امن مشن سے وابستہ تمام افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

اٹلی کی وزارت دفاع کے مطابق ہیلی کاپٹر یورپی یونین فورس کے تحت جاری آپریشن التھیا کا حصہ تھا۔ اس مشن کی ذمہ داری ڈیٹن امن معاہدے پر عمل درآمد کی نگرانی کرنا ہے، جس کے تحت بوسنیا اور ہرزیگووینا میں جنگ کے خاتمے کے بعد امن قائم کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

وزارت دفاع نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ ہیلی کاپٹر گرنے کے حالات اور اسباب کا تعین کیا جا سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles