
سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چھٹے میچ میں انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 387 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے، سری لنکن ٹیم نے 37 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنالیے ہیں اور اسے جیت کے لیے مزید 112 رنز درکار ہیں۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے آخری لیگ میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی بیٹنگ
انگلینڈ کی جانب سے اوپنرز بین ڈکٹ اور ٹام بینٹن نے اننگز کا شاندار آغاز کرتے ہوئے 163 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تاہم ٹام بینٹن 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اپنے گزشتہ میچ میں سری لنکا کے ہی خلاف ڈبل سنچری کرنے والے کپتان ہیری بروک ون ڈے کیریئر میں پہلی مرتبہ تیسری پوزیشن پر بیٹنگ کے لیے آئے اور انہوں نے بین ڈکٹ کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 107 رنز جوڑے اور ٹیم کا اسکور 270 تک پہنچایا تاہم ہیری بروک بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
301 کے اسکور پر انگلینڈ کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا، بین ڈکٹ 167 رنز کی کیریئر بیسٹ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 24 چوکے لگائے تاہم حیران کن طور پر ان کی اس اننگز میں ایک بھی چھکا شامل نہیں۔
اس کے علاوہ ول جیکس نے 21 گیندوں پر 30 رنز بنائے، جارڈن کاکس نے 27 گیندوں پر 43 رنز اسکور کیے جب کہ سیم کرن 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ دلشان مدھوشنکا، ایشان مالنگا اور داسن شناکا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس طرح انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 7.72 کے رن ریٹ سے 386 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 387 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سری لنکن ٹیم اس بڑے ہدف کا تعاقب کس انداز میں کرتی ہے۔
انگلینڈ نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکو ر بنانے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، انگلینڈ نے پاکستان کا 375 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا، جو پاکستان نے 2025 میں زمبابوبے کے خلاف بنایا تھا۔
میچ کا ٹاس
سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چھٹے میچ میں سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں اوریہ فائنل سے قبل سیریز کا آخری میچ ہے، جہاں سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
میچ کے لیے سری لنکن ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جب کہ انگلش ٹیم میں ایک تبدیلی ہوئی ہے، جیمی اوورٹن کی جگہ سونی بیکر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
انگلینڈ کو سیریز میں پہلی فتح کی تلاش ہے تاہم یہ میچ محض رسمی کارروائی کی حیثیت رکھتا ہے، اس میچ کے نتیجے سے فائنل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیوں کہ فائنل میں رسائی پانے والی ٹیموں کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہے، اس سیریز میں پاکستان 3 اور سری لنکا 2 فتوحات کے ساتھ پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں جب کہ انگلینڈ نے اب تک سیریز میں کوئی میچ نہیں جیت سکا۔
اس سے قبل سری لنکا نے اسی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف 430 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا، جو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کامیابی سے حاصل کیا جانے والا دوسرا بڑا ہدف ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل 31 اکتوبر بروز ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں ٹرافی کے حصول کے لیے مقابلہ ہوگا۔