
کوٹ نکہ کے قریب تیز رفتار مسافر بس بے قابو ہوکر سیم نالے میں جاگری، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق لاہور سے چنیوٹ جانے والی مسافر بس کوٹ نکہ کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے سیم نالے میں جاگری۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں تیز رفتار بس بے قابو ہوگئی۔
حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں بچوں کی موجودگی کے باعث متاثرین کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ کرین کی مدد سے بس کو سیم نالے سے نکال لیا گیا۔
حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور بعض مسافروں کے تاحال لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔