امریکا میں ایک مسافر کے فون پر طیارہ ہائی جیک کرنے سے متعلق پیغامات دیکھنے کے بعد یونائیٹڈ ایئرلائنز کی ایک پرواز کو واپس موڑ دیا گیا۔ لاس ویگاس سے نیو جرسی جانے والی پرواز کے عملے نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پائلٹ کو اطلاع دی، جس کے بعد طیارے کو واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
امریکی اخبار نیو یارک پوسٹ کے مطابق، یہ واقعہ ہفتے کو پیش آیا، جب یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز نمبر 1681 نیواڈا کے شہر لاس ویگاس کے ہیری ریڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیو جرسی کے نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی۔ پرواز میں 150 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔
امریکی رپورٹ کے مطابق پرواز کے دوران فضائی میزبان نے ایک مسافر کے فون پر ایسے پیغامات دیکھے جن میں طیارے کو ہائی جیک کرنے کی بات کی گئی تھی۔ فضائی میزبان نے مسافر سے براہِ راست بات کرنے کے بجائے پائلٹ کو آگاہ کیا، جس کے بعد سیکیورٹی کے تحت طیارے کو واپس لانے کے اقدامات کیے گئے۔

پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرولر کو بتایا کہ فضائی میزبان نے مسافر کو پیغامات میں طیارہ ہائی جیک کرنے کی بات کرتے دیکھا تھا۔ اطلاع ملنے کے بعد طیارے میں سیکیورٹی اقدامات کیے گئے اور اسے واپس لاس ویگاس لایا گیا۔
جب ایئر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ سے پوچھا کہ آیا متعلقہ مسافر تعاون کر رہا ہے یا اسے قابو میں رکھا گیا ہے تو پائلٹ نے بتایا کہ مسافر کو صورتِ حال کا علم نہیں تھا، اسی لیے اس پر قابو پانے کی ضرورت پیش نہیں آئی تھی۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق، پرواز 1681 ہفتے کی رات مقامی وقت کے مطابق تقریباً 11 بج کر 5 منٹ پر بحفاظت لاس ویگاس کے ہیری ریڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ واپس پہنچ گئی۔
طیارے کی بحفاظت واپسی کے بعد پرواز سے اتارے گئے تمام مسافروں اور طیارے کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔ اس واقعے کے سلسلے میں لاس ویگاس میٹروپولیٹن پولیس نے 25 سالہ ڈینٹے ملن کو گرفتار کرلیا۔ امریکی جریدے پیپل کے مطابق، انہیں دہشت گردی کی کارروائیوں سے متعلق دھمکیاں دینے یا غلط معلومات فراہم کرنے کے شبہے میں حراست میں لیا گیا۔
واقعے کے باعث متاثر ہونے والے مسافروں کے لیے متبادل پرواز کا انتظام کیا گیا، جو اتوار کی صبح لاس ویگاس کے ہیری ریڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی۔
تاحال فراہم کردہ اطلاعات میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ متعلقہ مسافر نے پیغامات کس مقصد سے بھیجے تھے یا اس کے خلاف مزید کیا قانونی کارروائی کی جائے گی۔