
ملک بھر میں سونے کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی، فی تولہ سونا 2500 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 22 ہزار 36 روپے کا ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 2144 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 61 ہزار 827 روپے ہوگئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 25 ڈالر کم ہوکر 3995 ڈالر پر آگئی۔
دوسری جانب فی تولہ چاندی کی قیمت 7 روپے کم ہوکر 5858 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت 6 روپے کی کمی سے 5022 روپے ہوگئی، جبکہ عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت 53.80 ڈالر فی اونس رہی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں ٔ7000 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں6001روپے کی کمی ریکارڈ ہوئی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 31 ہزار 536 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 69 ہزار 972 روپے ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورت حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔