ایلون مسک نے 'ٹیسلا' اور 'اسپیس ایکس' کو ملا کر ایک کمپنی کیوں بنانا چاہتے ہیں؟

دنیا کے سب سے امیر ترین افراد میں شامل ایلون مسک نے اپنی دو مشہور اور بڑی کمپنیوں ’ٹیسلا‘ اور ’اسپیس ایکس‘ کو ملا کر ایک سنگل کمپنی بنانے کے خیال کی عوامی سطح پر حمایت کی ہے۔ اگر یہ انضمام یعنی مرجر ممکن ہوتا ہے تو اس کے نتیجے میں بننے والی کمپنی کی مجموعی مالیت تقریباً 3.5 ٹریلین یعنی 35 کھرب ڈالر ہو سکتی ہے، جو اسے دنیا کی قیمتی ترین کمپنیوں میں سے ایک بنا دے گی۔

بظاہر الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اور خلائی راکٹ بنانے والی کمپنی اسپیس ایکس الگ الگ شعبوں میں کام کرتی ہیں، لیکن ایلون مسک کے مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، ایڈوانس مینوفیکچرنگ، سیٹلائٹ مواصلات اور ڈیٹا سینٹرز کے بڑھتے ہوئے منصوبوں کی وجہ سے ان دونوں کے درمیان فرق تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔

ایلون مسک کا اس انضمام کے پیچھے بنیادی مقصد اپنے تمام مستقبل کے منصوبوں کو ایک ہی چھت تلے لانا ہے۔

ایلون مسک کے مطابق ہم ایک ایسے دور میں داخل ہو رہے ہیں جہاں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کا نقشہ تیزی سے بدل رہا ہے۔ دونوں کمپنیوں کے اکٹھا ہونے سے مصنوعی ذہانت کے سافٹ ویئر، مائیکرو چپس کی ڈیزائننگ، روبوٹکس، زمین اور خلا میں ڈیٹا سینٹرز کے قیام اور مواصلاتی نظام میں باہمی تعاون کو بہت فروغ ملے گا۔

اس کے علاوہ ایک بڑی وجہ انتظامی آسانی بھی ہے۔ اس وقت ایلون مسک کے متعدد منصوبے دونوں کمپنیوں میں تقسیم ہیں، جس کے لیے انہیں دونوں کمپنیوں کے الگ الگ بورڈز اور شیئر ہولڈرز سے منظوری لینا پڑتی ہے۔

ایک کمپنی بننے سے فیصلے تیزی سے ہو سکیں گے اور سرمایہ، تکنیکی ماہرین اور وسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے گا۔

ٹیسلا میں ایلون مسک کے پاس تقریباً پانچواں حصہ یعنی 20 فیصد شیئرز ہیں جبکہ اسپیس ایکس میں ان کے پاس فیصلہ کن ووٹنگ پاور موجود ہے، لہذا اس انضمام سے ان کا انتظامی کنٹرول مزید مضبوط ہو جائے گا۔

سرمایہ کاروں کے لیے اس ممکنہ فیصلے کے مثبت اور منفی دونوں پہلو ہیں۔

ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز کو اسپیس ایکس کے تیزی سے پھیلتے ہوئے اسٹار لنک انٹرنیٹ، خلائی راکٹوں کی لانچنگ اور مستقبل کے خلائی منصوبوں میں شراکت داری مل جائے گی۔

دوسری طرف اسپیس ایکس کے سرمایہ کاروں کو ٹیسلا کی گاڑیوں، بیٹری انرجی اسٹوریج، سیلف ڈرائیونگ سسٹم اور روبوٹکس کے کاروبار میں حصہ مل جائے گا۔

تاہم، بعض معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ دونوں کمپنیوں کے اکٹھا ہونے سے سرمایہ کاروں کو ایک ساتھ ایسے متعدد تکنیکی، قانونی اور انتظامی خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جن کا آپس میں بظاہر کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

عملًا دونوں کمپنیاں کئی شعبوں میں ایک دوسرے کی مدد کر سکتی ہیں۔

مثال کے طور پر اسپیس ایکس کا اسٹار لنک سیٹلائٹ نیٹ ورک ٹیسلا کی سیلف ڈرائیونگ روبو ٹیکسیوں اور آپٹیمس روبوٹس کو بلا تعطل مواصلاتی رابطہ فراہم کر سکتا ہے۔

اسی طرح ٹیسلا کا بیٹری اور انرجی اسٹوریج نظام اسپیس ایکس کے ڈیٹا سینٹرز اور طاقتور بجلی کی ضروریات کو پورا کر سکتا ہے۔

ایلون مسک نے حال ہی میں ’ٹیرافیکٹ‘ نامی ایک بڑے چپ بنانے کے منصوبے کا اعلان بھی کیا ہے جو دونوں کمپنیوں کے لیے جدید چپس تیار کرے گا اور جس کی پیداوار 2028 کے آخر تک شروع ہونے کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ گاڑیوں کی بڑے پیمانے پر تیاری میں ٹیسلا کا تجربہ اسپیس ایکس کے سٹارشپ راکٹوں کی پیداوار بڑھانے میں کام آ سکتا ہے۔

تاہم، اس بڑے انضمام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹیں جغرافیائی سیاست اور سرکاری قوانین ہو سکتے ہیں۔

اسپیس ایکس امریکی فوج، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور امریکی خلائی ادارے ناسا کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے، جس کی وجہ سے یہ امریکی قومی سلامتی کا ایک حساس حصہ ہے۔ دوسری طرف ٹیسلا کا کاروبار چین اور اس کی شنگھائی فیکٹری پر بہت زیادہ منحصر ہے، جہاں اس کی گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد تیار اور فروخت ہوتی ہے۔

امریکا اور چین کے کشیدہ تعلقات کے باعث امریکی اور چینی ریگولیٹرز اس انضمام پر شدید اعتراضات اٹھا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ شیئر ہولڈرز کو اس بات پر رضامند کرنا بھی ایک چیلنج ہوگا کہ دو پیچیدہ کمپنیوں کو جوڑنا زیادہ منافع بخش ہے یا انہیں الگ رکھنا۔

ایلون مسک کا یہ قدم ٹیکنالوجی اور انڈسٹری کی دنیا میں ایک بالکل نیا تجربہ ہوگا۔ اگر یہ انضمام کامیاب ہو جاتا ہے تو زمین سے لے کر خلا تک پھیلا ہوا ٹیکنالوجی کی دنیا کا ایک ایسا بڑا ادارہ وجود میں آئے گا جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، تاہم اس راستے میں قانون سازی، بین الاقوامی سیاست اور مختلف تکنیکی چیلنجز کی صورت میں کئی بڑی رکاوٹیں بھی موجود ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles