
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے کمیشن کے رکن و معروف قانون دان احسن بھون کی ڈگری اصلی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر نے جوڈیشل کمیشن کے سربراہ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کو احسن بھون کی ڈگریوں کے حوالے سے درخواست بھیجی تھی، جس میں انہوں نے احسن بھون کی ڈگری پر اعتراض اٹھایا تھا۔
چیف جسٹس نے درخواست پر کمیشن کے رکن احسن بھون کی ڈگریوں کی تصدیق کرائی تاہم جوڈیشل کمیشن نے احسن بھون کی ڈگری اصلی ہونے کی تصدیق کردی۔
سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں توسیع
قبل ازیں چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے جوڈیشل کمیشن کے رکن کی حیثیت سے پہلی بار شرکت کی جب کہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی بطور رکن اجلاس میں شریک ہوئے۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں توسیع کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ ذرائع کے مطابق کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں ایک سال کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بینچز کی موجودہ مدت 25 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کا باضابطہ اعلامیہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔