آئی جی کو رشوت دینے کی کوشش، سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل گرفتار


اٹک جیل کے سپرنٹنڈنٹ عمران نوید اشرف کو آئی جی جیل خانہ جات سالک جلال کو مبینہ طور پر 2 لاکھ روپے رشوت دینے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے انہیں معطل کرکے پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت محکمانہ کارروائی شروع کردی ہے۔
جیل حکام کے مطابق اٹک جیل کے سپرنٹنڈنٹ عمران نوید اشرف، سالک جلال کو آئی جی جیل خانہ جات بننے پر مبارکباد دینے کے لیے رات گئے ان کی رہائش گاہ پہنچے، اس موقع پر عمران نوید اشرف نے سالک جلال کو مبینہ طور پر 2 لاکھ روپے رشوت دینے کی کوشش کی۔
آئی جی جیل خانہ جات سالک جلال نے فوری طور پر معاملے سے ہوم سیکرٹری پنجاب کو آگاہ کیا، جس پر ہوم سیکرٹری نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سے رابطہ کیا۔
اطلاع ملنے پر اینٹی کرپشن کی ٹیم رات گئے آئی جی جیل خانہ جات کی رہائش گاہ پہنچی اور اٹک جیل کے سپرنٹنڈنٹ عمران نوید اشرف کو گرفتار کرلیا۔
اینٹی کرپشن ٹیم نے مبینہ رشوت کی رقم 2 لاکھ روپے بھی قبضے میں لے لی جب کہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا معطلی کا نوٹیفکیشن
دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے اٹک جیل کے سپرنٹنڈنٹ عمران نوید اشرف کو کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کے معاملے پر معطل کردیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے عمران نوید اشرف کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جب کہ ان کے خلاف پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاونٹیبلٹی ایکٹ 2006، المعروف پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک کو مبینہ کرپشن اور بدعنوانی کے معاملے پر معطل کیا گیا ہے اور معاملے کی محکمانہ سطح پر جانچ کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق معطل افسر کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت شروع کی گئی کارروائی میں الزامات کا جائزہ لینے کے بعد قواعد کے مطابق مزید فیصلہ کیا جائے گا۔
کاشف علی نئے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل تعینات
ادھر محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈسٹرکٹ جیل اٹک کے لیے نئے سپرنٹنڈنٹ کی تعیناتی بھی کردی ہے، ترجمان کے مطابق ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل لاہور کاشف علی کو سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک تعینات کردیا گیا ہے جب کہ کاشف علی نئی ذمہ داریاں سنبھال کر جیل کے انتظامی امور کی نگرانی کریں گے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ کرپشن، نااہلی، بدعنوانی اور قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے جب کہ سرکاری اداروں میں شفافیت، نظم و ضبط اور قانون و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles