
پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے سعودی عرب آنے والے پاکستانی عمرہ زائرین اور ورکرز کو اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے سعودی قوانین کی سختی سے پابندی کرنے، بھیک مانگنے سمیت کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے گریز کرنے اور اپنے قیام کے دوران ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔
سفارت خانے نے اپنے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں پاکستانی شہریوں کو سعودی عرب میں قیام کے دوران ویزے کی شرائط کی پابندی، مقررہ مدت سے زائد قیام سے گریز اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہونے کی ہدایت کی ہے۔
پیغام میں گرفتاری، تفتیش، حراست اور ملک بدری کے مناظر کے ذریعے سعودی قوانین کی خلاف ورزی کے ممکنہ نتائج سے آگاہ کیا گیا ہے۔
سفارت خانے کے پیغام میں خاص طور پر بھیک مانگنے سے گریز کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ پیغام کے مطابق سعودی عرب آنے والے پاکستانی زائرین اور ورکرز اپنے طرزِ عمل کا خیال رکھیں اور ایسے کسی اقدام سے گریز کریں جو سعودی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہو۔
سفارت خانے کی جانب سے جاری ویڈیو میں عمرہ زائرین کو مقدس مقامات کے احترام، سعودی قوانین کی پاسداری اور اپنے قیام کے دوران ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کی تلقین بھی کی گئی ہے۔
سفارت خانے کے اس پیغام پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی مختلف ردعمل کا اظہار کیا اور سعودی عرب میں پاکستانی شہریوں کی جانب سے بھیک مانگنے کے واقعات پر افسوس اور تشویش کا اظہاربھی کیا ہے۔