ہنگو میں بینک پر مسلح افراد کا حملہ، مینیجر اور کیشیئر اغوا


خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں نجی بینک پر مسلح افراد کے حملے کے بعد بینک منیجر اور کیشیئر کو اغوا کر لیا گیا۔ حملہ آور بینک کا ریکارڈ متاثر کرنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور کمپیوٹرز کو بھی نقصان پہنچا کر فرار ہوگئے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ ہنگو کے تھانہ ٹل کی حدود میں واقع دلن کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے نجی بینک پر دھاوا بول دیا۔
حملہ آوروں نے بینک میں داخل ہونے کے بعد سی سی ٹی وی کیمروں اور کمپیوٹرز کو نقصان پہنچایا اور بینک منیجر وسیم آفریدی اور کیشیئر علاؤالدین کو اپنے ساتھ لے گئے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور مغویوں کو چھپری ویزران کی جانب لے گئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش اور مغویوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے کارروائی جاری ہے۔
واقعے کی وجوہات اور حملہ آوروں کی شناخت کے حوالے سے تاحال کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ سکیورٹی ادارے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles