
وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو 4 اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جنرل عامر رضا کی ترقی اور تقرری کا باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو ترقی کے بعد کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ اس وقت چیف آف دی جنرل اسٹاف کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
جنرل عامر رضا اس سے قبل پاک فوج میں چیف آف جنرل اسٹاف کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
وزیراعظم نے جنرل عامر رضا کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ جنرل عامر رضا اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ ملک کی اسٹریٹجک صلاحیتوں سے متعلق اہم ذمہ داریاں انجام دیتی ہے، جس میں قومی سلامتی کے معاملات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کا شمار پاک فوج کے تجربہ کار افسران میں ہوتا ہے۔