نیوجرسی میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے اختتام پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاتح ٹیم کو عالمی کپ کی ٹرافی تھمائی اور تمام کھلاڑیوں کو گولڈ میڈل پہنائے۔
صدر ٹرمپ نے اس موقع پر ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انفرادی ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔
اس تقریب کے دوران ایک جذباتی لمحہ وہ تھا جب ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی سلور میڈل حاصل کرنے کے بعد اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں نم ہو گئیں۔
عالمی کپ کے انفرادی ایوارڈز میں ہسپانوی کھلاڑیوں کی حکمرانی رہی۔
اسپین کے روڈری کو پورے ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے گولڈن بال ایوارڈ دیا گیا۔

گولڈن گلوو کا ایوارڈ بہترین گول کیپنگ پر اسپین ہی کے اونائی سیمون کو ملا، جنہوں نے پورے ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام میچوں میں صرف ایک گول ہونے دیا۔

اس کے علاوہ بہترین نوجوان کھلاڑی کا ایوارڈ بھی اسپین کے پاؤ کیوبارسی کے حصے میں آیا۔

دوسری طرف فرانس کے نامور اسٹار کیلیان ایمباپے نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے گولڈن بوٹ ایوارڈ جیتا۔
ایمباپے نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مجموعی طور پر 10 گول اسکور کیے، جبکہ ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی 8 گولز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
اس کامیابی کے ساتھ ایمباپے دنیا کے پہلے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے دو مرتبہ گولڈن بوٹ کا ایوارڈ حاصل کیا ہے، اس سے قبل 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں بھی ایمباپے نے 8 گول کر کے یہ ایوارڈ جیتا تھا۔