کلیان ایمباپے نے مسلسل دوسری بار فیفا ورلڈ 2026 کا گولڈن بوٹ اپنے نام کرلیا

فرانس فٹبال ٹیم کے اسٹار پلیئر اور کپتان ایمباپے نے بڑی تاریخ رقم کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کا دوسری بار ’گولڈن بوٹ‘ اپنے نام کرلیا ہے۔

27 سالہ ایمباپے نے ٹورنامنٹ کے 8 میچوں میں 10 گول اسکور کیے اور ارجنٹینا کے لیونل میسی کو سخت مقابلے کے بعد پیچھے چھوڑ دیا۔ میسی نے 8 میچوں میں 8 گول اسکور کیے، تاہم اسپین کے خلاف فائنل میں وہ گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے، جس کے باعث ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایمباپے ٹاپ اسکورر رہے۔

ایمباپے اس سے قبل قطر میں ہونے والے 2022 کے ورلڈ کپ میں بھی گولڈن بوٹ جیت چکے تھے، یوں وہ مسلسل دو ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔

اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ایمباپے نے مینز ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 22 گول کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔

اس فہرست میں وہ لیونل میسی سے ایک گول آگے نکل گئے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ 1970 کے بعد ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں 10 یا اس سے زیادہ گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے۔ ان سے زیادہ گول صرف فرانس کے جسٹ فونٹین نے 1958 کے ورلڈ کپ میں 13 جبکہ ہنگری کے سینڈور کوچیش نے 1954 میں 11 کیے تھے۔

ایمباپے نے گروپ مرحلے میں سینیگال، عراق اور سویڈن کے خلاف دو، دو گول کیے۔ بعد ازاں انہوں نے پری کوارٹر فائنل میں پیراگوئے کے خلاف پنالٹی پر فیصلہ کن گول کیا جبکہ کوارٹر فائنل میں مراکش کے خلاف بھی اپنی ٹیم کے لیے گول اسکور کیا۔

تیسرے نمبر کے میچ میں انگلینڈ کے خلاف دو گول کر کے ایمباپے نے میسی کو پیچھے چھوڑ دیا، اگرچہ فرانس کو اس مقابلے میں 6-4 سے شکست ہوئی اور ٹیم چوتھی پوزیشن پر رہی۔

میچ کے بعد ایمباپے نے کہا، ”ورلڈ کپ میں اتنے زیادہ گول کرنا یقیناً آپ کو ایک بالکل مختلف مقام پر لے جاتا ہے۔“ تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”میں ٹاپ اسکورر بننے کے بجائے فائنل کھیلنا پسند کرتا۔ یہ اعزاز میری ریٹائرمنٹ کے بعد میری میراث کا حصہ ضرور ہوگا، لیکن اس وقت میرے لیے سب سے اہم بات نہیں ہے۔“

دوسری جانب فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فاتح اسپین نے بھی انفرادی اعزازات میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ اسپین کے کپتان روڈری کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے گولڈن بال ایوارڈ دیا گیا۔

ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکوررز کی فہرست میں انگلینڈ کے جوڈ بیلنگھم اور ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ نے 7، 7 گول کیے، جبکہ فرانس کے عثمان ڈیمبیلے اور انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے 6، 6 گول کے ساتھ نمایاں کارکردگی دکھائی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles