علی امین گنڈاپور دوبارہ وزیرِ اعلیٰ بننے کے لیے سرگرم


پشاور میں ایک بار پھر سیاسی سرگرمیوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں سیاسی حلقوں میں مختلف ملاقاتوں اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور دوبارہ وزیرِ اعلیٰ بننے کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں مستقل قیام کر لیا ہے اور آئندہ سیاسی حکمت عملی پر سرگرم مشاورت کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور وزارتِ اعلیٰ کی کرسی دوبارہ حاصل کرنے کے لیے سیاسی رابطوں اور مشاورت میں مصروف ہیں۔
اس مقصد کے لیے پارٹی کے اندر مختلف رہنماؤں سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل پر اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کی سیاسی حکمت عملی کا اہم حصہ بیرسٹر سیف کی پارٹی بانی سے متوقع ملاقات کو قرار دیا جا رہا ہے۔
پارٹی قیادت سے اس ملاقات کے نتائج کا بے چینی سے انتظار کیا جا رہا ہے، کیونکہ اس کے بعد صوبے کی سیاسی صورتحال میں اہم پیش رفت متوقع سمجھی جا رہی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور بیرسٹر سیف کے ذریعے سیاسی صورتحال اپنے حق میں موڑنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں مختلف آپشنز پر غور جاری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے گزشتہ برس آٹھ اکتوبر کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا ان کی جگہ سہیل آفریدی کو خیبرپختونخوا کا نیا وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles