فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں کینیڈا کی افتتاحی تقریب ٹورنٹو میں منعقد ہوئی، جہاں معروف فنکاروں کی پرفارمنس نے شائقین کو محظوظ کیا۔ تقریب میں کینیڈین نژاد اداکارہ اور گلوکارہ نورا فتحی بھی اسٹیج پر جلوہ گر ہوئیں۔
کینیڈا میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کی افتتاحی تقریب رنگا رنگ ثقافتی اور موسیقی پروگراموں سے مزین رہی۔ ٹورنٹو میں ہونے والی تقریب میں نورا فتحی، ویجی ڈریم اور سنجے نے پرفارم کیا، جب کہ موسیقی اور روشنیوں کے دل کش امتزاج نے اسٹیڈیم کا ماحول گرما دیا۔

افتتاحی تقریب کے دوران ویجی ڈریم کی پرفارمنس خاص توجہ کا مرکز رہی۔ فرانسیسی گلوکار 2018 میں فرانس کی ورلڈ کپ فتح کے بعد اپنے مقبول گانے ’رامینے لا کوپ آ لا میزون‘ کی وجہ سے عالمی شہرت حاصل کر چکے ہیں۔
یہ گانا فرانس کی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے ناموں پر مشتمل تھا اور ریلیز کے بعد فرانس کے میوزک چارٹس میں پہلے نمبر پر پہنچ گیا تھا۔

تقریب میں شریک شائقین نے مختلف ثقافتوں کی نمائندگی کرنے والی پرفارمنس کو سراہا۔ منتظمین کے مطابق افتتاحی تقریب کا مقصد فٹبال کے عالمی میلے کے ساتھ کینیڈا کے ثقافتی تنوع کو بھی اجاگر کرنا تھا۔
افتتاحی تقریب کے بعد میزبان کینیڈا اپنا پہلا میچ بوسنیا و ہرزیگووینا کے خلاف کھیلے گا، جس کے لیے شائقین میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔