
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وضاحت کی ہے کہ پارٹی نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا کوئی فیصلہ نہیں کیا تاہم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
جمعے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں پیپلزپارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ نہیں کیا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بجٹ اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔
ترجمان پیپلز پارٹی نے کہا کہ بجٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے کچھ اراکین شریک ہوں گے جب کہ قومی مفاد کے تحت پی پی پی بجٹ پراسس کا حصہ ہوگی۔
قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کا مؤقف ہے کہ گلگت بلتستان میں ہمارا مینڈنٹ چوری کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ایک طرف مینڈیٹ چوری ہو اور وہ دوسری طرف ہم بیٹھ کر تالیاں بجاتے رہیں۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے بجٹ اجلاس کا مکمل بائیکاٹ نہیں کیا جائے گا تاہم قومی اسمبلی کے اجلاس میں پارٹی کے چند اراکین نمائندگی کریں گے جب کہ بلاول بھٹو زرداری اور دیگر سینئر رہنما اجلاس سے دور رہیں گے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلز پارٹی اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی تھی، تاہم اب مسلم لیگ ن آزاد امیدواروں کو ساتھ ملا کر حکومت سازی کے لیے منصوبہ بندی کررہی ہے۔