
ایران اور امریکا کے درمیان اہم معاہدے کا ڈرافٹ فائنل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مجوزہ معاہدے میں فوری جنگ بندی، آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آزاد آمدورفت اور ایران پر عائد پابندیاں بتدریج ختم کرنے کی شقیں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کا فائنل ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق معاہدے کے ڈرافٹ میں فوری طور پر جنگ روکنے کی شرط شامل کی گئی ہے، جب کہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمدورفت پر عائد پابندیاں بھی ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا، جس کے لیے آئندہ مراحل میں مزید مذاکرات بھی ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق چند گھنٹوں کے اندر معاہدے کے ڈرافٹ کی تکمیل کا باضابطہ اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ آئندہ سات روز کے دوران دیگر اہم معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے مزید بات چیت کی جائے گی، جب کہ ممکنہ تنازعات کے حل اور معاہدے پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے مشترکہ مانیٹرنگ کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی، آبنائے ہرمز کی صورتِ حال اور عالمی توانائی منڈی کے حوالے سے خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔
قبل ازیں، جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے، مذاکرات میں کچھ مثبت اشارے مل رہے ہیں۔
انہوں نے تصدیق کی کہ پاکستانی حکام (ثالثی کی کوششوں کے سلسلے میں) آج تہران کا دورہ کر رہے ہیں، امید ہے کہ پاکستانی حکام کے اس دورے سے یہ عمل مزید آگے بڑھے گا۔