ادھار ایپس سے پیسے لینے والوں کے لیے اہم خبر: ایس ای سی پی نے نوٹس جاری کر دیا

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ڈیجیٹل قرضہ ایپس سے رقم حاصل کرنے والے صارفین کے لیے اہم پبلک نوٹس جاری کردیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بعض قرضہ ایپس بندش اور لیکویڈیشن کے عمل سے گزر رہی ہیں، اس لیے صارفین اپنے بقایا جات کی ادائیگی کے ذریعے مالی ریکارڈ درست کرا سکتے ہیں۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق ڈیجیٹل قرضہ ایپس “ادھار پیسہ” اور “بروقت” کے صارفین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے واجب الادا قرضے جلد از جلد ادا کریں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ معزز اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ان ایپس کو چلانے والی کمپنیوں، یعنی میسرز مائیکرو کریڈ فنانشل سروسز لمیٹڈ اور میسرز سیڈ کریڈ فنانشل سروسز لمیٹڈ، کی لیکویڈیشن کا عمل جاری ہے، جس کے تحت کمپنیوں کے اثاثے فروخت کرکے حسابات کو نمٹایا جا رہا ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق وہ تمام صارفین جنہوں نے ان ایپس سے قرض لیا تھا، وہ اپنے بقایا جات کی ادائیگی کرکے اپنے کریڈٹ ریکارڈ کو بہتر بنا سکتے ہیں تاکہ مستقبل میں کسی مالی یا بینکنگ مسئلے کا سامنا نہ ہو۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس قانونی اور مالیاتی عمل سے متعلق تمام تفصیلات اور سرکاری نوٹسز عوام کی رہنمائی کے لیے جاری کیے گئے ہیں، تاکہ صارفین براہ راست قانونی طریقے سے اپنے معاملات حل کرسکیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles