سیالکوٹ میں 1500 روپے کے پرائز بانڈ کا ڈرا، 30 لاکھ روپے کا پہلا انعام نکل آیا


جمعے کے روز قومی بچت مرکز سیالکوٹ میں 1500 روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی 106ویں قرعہ اندازی منعقد ہوئی، جس کے بعد لاکھوں روپے کے انعامات جیتنے والے خوش نصیب افراد کے نمبرز کا اعلان کر دیا گیا۔ قرعہ اندازی میں ملک بھر سے شہریوں کی بڑی تعداد کی دلچسپی برقرار رہی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی پالیسی کے تحت اس بار پہلا انعام 30 لاکھ روپے رکھا گیا تھا، جو بانڈ نمبر 024132 کے نام نکلا۔ قرعہ اندازی کے اعلان کے ساتھ ہی کامیاب نمبر کے حامل شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
دوسرے انعام کے تحت تین خوش نصیب افراد کو 10، 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ یہ انعامی بانڈ نمبرز 026284، 355420 اور 407321 کے نام رہے۔
قرعہ اندازی میں تیسرے انعام کے طور پر 18 ہزار 500 روپے کے 1696 انعامات بھی رکھے گئے تھے، جن کی مکمل فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ کامیاب بانڈ ہولڈرز مقررہ ضابطوں کے تحت اپنی انعامی رقم حاصل کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ ملک بھر کے شہری نامزد کمرشل بینکوں اور نیشنل سیونگز سینٹرز سے پرائز بانڈ خرید کر ان قرعہ اندازیوں میں حصہ لیتے ہیں، جہاں ہر چند ماہ بعد مختلف مالیت کے بانڈز کی ڈرا تقریب منعقد کی جاتی ہے۔
دوسری جانب وزارتِ خزانہ کے قواعد کے مطابق ٹیکس سال 2026 میں پرائز بانڈ پر جیتنے والی رقم پر ودہولڈنگ ٹیکس بھی لاگو ہوگا۔ فائلرز کے لیے 15 فیصد جبکہ نان فائلرز کے لیے 30 فیصد ٹیکس کٹوتی کی جائے گی۔
انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 156 کے تحت یہ ٹیکس حتمی تصور کیا جاتا ہے، جسے نہ واپس لیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی دوسری آمدن کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles