پاکستان میں سونا اچانک ہزاروں روپے سستا، اب نئی قیمت کیا ہوگئی؟

پاکستان میں سونے کی قیمت میں گزشتہ روز اضافے کے بعد بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں فی تولہ سونا 15 ہزار 500 روپے جب کہ 10 گرام سونا 13 ہزار 289 روپے سستا ہوگیا ہے۔

عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹوں میں ایک دن بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ دیکھنے میں آ رہی ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ کے زیر اثر مقامی صرافہ بازاروں میں کاروباری ہفتے کے آخری دن 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت میں 15 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ ہوئی، جس کے بعد نئی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 76 ہزار 862 روپے ہو گئی۔

اسی طرح مقامی سطح پر 10 گرام سونا بھی 13 ہزار 289 روپے سستا ہوگیا، جس کے بعد نئی  قیمت 4 لاکھ 8ہزار 832روپے کی سطح پر آگئی۔

دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں آج جمعہ کے روز فی اونس سونے کی قیمت یکدم 155 ڈالر کم ہو گئی، جس کے نتیجے میں سونے کی نئی عالمی قیمت 4 ہزار 545 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی۔

دریں اثنا ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 972 روپے کی کمی سے 8 ہزار 232 روپے  اور 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 833 روپے کی کمی سے 7 ہزار 57 روپے کی سطح پر آگئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1000 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 92 ہزار 362 روپے کی سطح پر پہنچ گیا تھا جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 858 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 22 ہزار 121 روپے ہوگئی تھی۔

ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں، جس کے باعث سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles