مسجدِ اقصیٰ میں اسرائیلی پرچم لہرانے پر سعودی عرب کی شدید الفاظ میں مذمت

سعودی وزارتِ خارجہ نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے مسجدِ اقصیٰ میں کی جانے والی بلااشتعال کارروائیوں اور اس کے احاطے میں اسرائیلی پرچم لہرانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت مقبوضہ بیت المقدس اور اس کے مقدس مقامات کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو متاثر کرنے والی کسی بھی کارروائی کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔

بیان میں زور دیا گیا کہ ایسے اقدامات نہ صرف مذہبی جذبات کو مجروح کرتے ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام میں اضافے کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔

سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو پرتشدد اور غیر قانونی اقدامات سے فوری طور پر روکے اور مقدس اسلامی مقامات کے تقدس کے خلاف جاری کارروائیوں کا نوٹس لے۔

سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی قوتوں اور بین الاقوامی اداروں کو چاہیے کہ وہ اسرائیلی حکام پر دباؤ ڈالیں تاکہ اسلامی ریاست اور فلسطینی عوام کے خلاف جاری اقدامات بند کیے جا سکیں۔

بیان میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کے حقوق، مقدس مقامات کے تحفظ اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق دو ریاستی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles