
Private plane crashes into ocean
امریکی ریاست فلوریڈا کے مشرقی ساحل کے قریب ایک چھوٹا طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا، تاہم طیارے میں سوار تمام 11 افراد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے۔
امریکی کوسٹ گارڈ اور فضائیہ حکام کے مطابق دو انجنوں پر مشتمل ٹربو پروپ طیارہ منگل کی صبح بہاماس کے علاقے مارش ہاربر سے فری پورٹ جا رہا تھا کہ دورانِ پرواز اس نے خطرے کا سگنل جاری کیا۔ امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق طیارہ فلوریڈا کے شہر میلبورن سے تقریباً 80 میل دور سمندر میں گر کر تباہ ہوا۔
کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ طیارے میں سوار تمام 11 افراد کو تلاش کرلیا گیا اور وہ زندہ ہیں۔ ریسکیو آپریشن میں شامل امریکی فضائیہ کی میجر الزبتھ پیواٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “تمام افراد کا زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں۔”
انہوں نے بتایا کہ فضائیہ کے ریزرو اہلکار اس علاقے میں تربیتی مشق میں مصروف تھے کہ اسی دوران انہیں طیارہ گرنے کی اطلاع ملی، جس کے بعد ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ ہوئی۔
امریکی فضائیہ کے HH-60W جولی گرین ہیلی کاپٹر نے سمندر میں موجود لائف رافٹ تک پہنچ کر تمام متاثرین کو بحفاظت نکال لیا۔ ریسکیو ٹیم کے کپتان روری وِپل کے مطابق حادثے کے شکار افراد تقریباً پانچ گھنٹے سے سمندر میں موجود تھے اور شدید جسمانی، ذہنی اور جذباتی دباؤ کا شکار دکھائی دے رہے تھے۔
حکام کے مطابق متاثرین کے پاس مدد کے لیے رابطہ کرنے کا کوئی ذریعہ موجود نہیں تھا، تاہم طیارے میں نصب ایمرجنسی لوکیٹر ٹرانسمیٹر نے ریسکیو ٹیم کو ان تک پہنچنے میں مدد دی۔
ریسکیو اہلکاروں نے متاثرین کو خوراک، پانی اور بنیادی امدادی سامان بھی فراہم کیا تاکہ انہیں محفوظ نکالنے تک سہارا مل سکے۔
کوسٹ گارڈ کے مطابق تمام 11 افراد بہاماس کے شہری ہیں، جنہیں میلبورن اورلینڈو انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
ریسکیو آپریشن میں شریک اہلکاروں کا کہنا تھا کہ خراب سمندری صورتحال اور ایندھن کی محدود مقدار کے باوجود ان کی پہلی ترجیح متاثرین کو فوری طور پر محفوظ مقام تک پہنچانا تھی۔