
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر دشمن کو پیغام دیا ہے کہ آئندہ مہم جوئی کی کوشش پر جنگ کے اثرات وسیع اور خطرناک ہوں گے۔
راولپنڈی میں معرکہ حق کی شاندار فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر اتوار کو جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر تھے۔
تقریب میں ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ مسلح افواج کے دستوں نے انہیں سلامی پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کیونکہ معرکہ حق میں بھارت کو ایسا منہ توڑ جواب دیا گیا جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمارے قومی عزم اور وقار کو آزمانے کی کوشش کی تھی لیکن وہ اپنی فرسودہ سوچ اور خود فریبی کا شکار ہو گیا۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں بالادستی کے خواب دیکھ رہا تھا مگر وہ یہ بھول گیا کہ اس کے خواب اس کی صلاحیتوں سے کہیں زیادہ بڑے تھے۔
فیلڈ مارشل نے قرآن پاک کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حق آگیا اور باطل مٹ گیا، بے شک باطل مٹنے کے لیے ہی ہوتا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ معرکہ حق محض دو ممالک یا دو افواج کی روایتی جنگ نہیں تھی بلکہ یہ دو مختلف نظریات کے درمیان ایک فیصلہ کن معرکہ تھا جس میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو فتح نصیب کی۔
انہوں نے دشمن کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کی گئی تو اس جنگ کے اثرات پہلے سے کہیں زیادہ وسیع اور خطرناک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ امن قائم رکھنے کے لیے ہمہ وقت جنگ کے لیے تیار رہنا لازم ہے اور پاکستان کی مسلح افواج روایتی اور غیر روایتی ہر قسم کی جنگ کے لیے مکمل تیار ہیں۔
دفاعی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے فیلڈ مارشل نے بتایا کہ اعلیٰ جنگی حکمت عملی نے دشمن کو پسپائی پر مجبور کیا اور پاک فضائیہ نے 26 سے زائد عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر فضائی معرکوں کی نئی تاریخ رقم کی۔
انہوں نے بحریہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بحری جوانوں نے دشمن کو آبی سرحدوں سے میلوں دور روکے رکھا جبکہ لائن آف کنٹرول پر دشمن سفید جھنڈے لہرانے پر مجبور ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اس مہم جوئی میں شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
فیلڈ مارشل نے بتایا کہ اب پاکستان نے ملٹی ڈومین آپریشن سینٹر بھی قائم کر دیا ہے تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا بہتر مقابلہ کیا جا سکے۔
فیلڈ مارشل نے قوم، سیاسی قیادت، میڈیا اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دفاعِ وطن کے لیے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی اور نوجوانوں نے جس طرح دشمن کا پروپیگنڈا ناکام بنایا وہ ایک مثال ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ حالیہ دفاعی معاہدے کو ایک تاریخی قدم قرار دیا اور کہا کہ آج دنیا پاکستان کو تکریم کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے اور جو کل تک معترض تھے وہ آج ہماری صلاحیتوں کے معترف ہیں۔
انہوں نے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے ورثا ہمارے سروں کا تاج ہیں اور پاکستان پہلے بھی ناقابلِ تسخیر تھا اور ہمیشہ ناقابلِ تسخیر رہے گا۔
انہوں نے اس عزم کو بھی دہرایا کہ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔