
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے قومی عزم، عسکری مہارت اور اتحاد کی علامت قرار دیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمتِ عملی اور جرات مندانہ فیصلوں کو معرکۂ حق کی کامیابی میں کلیدی قرار دیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور فضائیہ کے شاہینوں کی غیرمعمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دفاعِ وطن میں تاریخی کردار ادا کیا۔
صدرِ مملکت نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور بحری افواج کی مکمل آپریشنل تیاری کو بھی قومی سلامتی کے لیے قابلِ فخر قرار دیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، جس نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا واضح پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، جب کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی بھارتی کوششوں کو آبی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے، جب کہ بیرونی پشت پناہی میں جاری دہشت گردی کا خاتمہ خطے کے امن کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
صدر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے، ایران اور امریکا کے تنازع کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا کہ معرکۂ حق اللہ کے انعامات پر شکر کا دن ہے، پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قوم شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، شہدا فولادی دیوار بن کر وطن کے دفاع میں ڈٹے رہے۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ بری، بحری، فضائی اور سائبرمحاذ پر افواج نے پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت بنایا، پاکستانی قوم کو نہ مرعوب کیا جا سکتا ہے نہ جھکایا جا سکتا ہے، دشمن کی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت اور ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کی حکمتِ عملی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سرحدوں کے دفاع کے لیے چوکس ہے، پاکستان خوارج اور فتنہ الہندوستان کے خاتمے تک ثابت قدم رہے گا۔
وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیرکے حل کے بغیر خطے میں استحکام ممکن نہیں، پاکستان کشمیری عوام کے حق آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو ذمہ دار ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے، پاکستان عالمی امن اور استحکام کا ضامن بن کر ابھرا ہے، امریکا ایران تنازع میں پاکستان کا ثالثی کردار دنیا بھر میں سراہا گیا، پاکستان امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔