
چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کے خلاف آپریشن ’معرکۂ حق‘ کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معرکے نے عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کے درمیان ہم آہنگی کو ثابت کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں ملکی و علاقائی سیکیورٹی صورتِ حال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ’معرکۂ حق‘ کی پہلی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کے درمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی علامت ہے، جو تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مدِمقابل ”بنیانُٗ مرصوص“ کی مانند متحد ہیں۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہی پاکستان کی قومی سلامتی، اتحاد اور استحکام کی بنیاد ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کمانڈرز اور فارمیشنز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ملک بھر میں جاری انٹیلی جنس بنیادوں پر دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں کامیابیوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
اجلاس میں اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتِ حال کا جامع جائزہ لیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کو مکمل طور پر ختم کرنے، ان کے سہولت کاری کے ڈھانچے کو توڑنے اور انہیں پاکستان میں کسی بھی قسم کی سرگرمی کی گنجائش نہ دینے کے لیے موجودہ آپریشنل رفتار برقرار رکھی جائے گی۔
فورم نے آپریشن ’غضب لِلحق‘ کے تحت دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا۔
کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق افغان طالبان حکومت کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کو پناہ دینا خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، جبکہ پاکستان کے خلاف شہریوں کو نشانہ بنانے کے الزامات کو گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے میں کشیدگی سے بچاؤ اور تحمل اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور پاکستان کے خطے میں استحکام کی حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ کانفرنس میں اس موقع پر تحمل اور کشیدگی سے گریز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔
کانفرنس کے شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل اور آبادیاتی تبدیلیوں کی شدید مذمت کی اور کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں قومی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں اہم امور پر غور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کور کمانڈرز کو بدلتے ہوئے خطرات کے پیش نظر بھرپور آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے،اور روایتی و غیر روایتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔