حکومت نے جمعے کو عام تعطیل کا اعلان کردیا


حکومت سندھ نے صوبے بھر میں یکم مئی 2026 کو عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ نے یوم مزدور (لیبر ڈے) کے موقع پر صوبے بھر میں یکم مئی بروز جمعہ 2026 کو عام تعطیل کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ دن سرکاری سطح پر منایا جائے گا اور تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ یکم مئی کو تمام حکومتی دفاتر، ذیلی دفاتر، خود مختار ادارے، کارپوریشنز اور حکومت سندھ کے زیرانتظام مقامی کونسلوں میں عام تعطیل ہوگی۔ حکومت سندھ کے مطابق ضروری خدمات کے حامل دفاتر میں چھٹی نہیں ہوگی۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی یکم مئی کو تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق جمعہ کو ملک بھر میں تمام بینک بند رہیں گے۔
ہر سال یکم مئی کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مزدوروں کی خدمات اور حقوق کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یومِ مزدور کے طور پر منایا جاتا ہے۔

رواں سال یہ تعطیل جمعہ کو ہونے کے باعث ہفتہ اور اتوار کے ساتھ ملا کر سرکاری اور نجی ملازمین کو مسلسل تین دن کی چھٹی ملے گی، جس سے ایک طویل ویک اینڈ میسر آئے گا۔
یوم مزدور کیا ہے ؟
1886 کو یکم مئی کے دن امریکا کے شہر شکاگو کے مزدور، سرمایہ داروں اور صنعتکاروں کی جانب سے کیے جانے والے استحصال پر سڑکوں پر نکلے تھے لیکن پولیس نے جلوس پر فائرنگ کرکے سیکڑوں مزدوروں کو ہلاک اور زخمی کردیا تھا جبکہ درجنوں کو اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنے پر پھانسی دی گئی۔
شکاگو کے محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دنیا کے بیشتر ممالک میں یکم مئی کو محنت کشوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یکم مئی کو ہر سال یہ دن اس عہد کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ مزدوروں کے معاشی حالات تبدیل کرنے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔
پاکستان میں قومی سطح پر یوم مزدور منانے کا آغاز 1973 میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں ہوا، اس دن کی مناسبت سے ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles