فیلڈ مارشل کا دورہ ایران مکمل، کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور پُر امن حل پر زور


فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا تین روزہ دورہِ ایران مکمل ہو گیا ہے، اس دوران اعلیٰ ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں علاقائی صورتحال، امن و استحکام اور سفارتی روابط کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سید عاصم منیر اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا تین روزہ دورۂ ایران مکمل ہو گیا ہے، جس کے بعد فیلڈ مارشل وفد کے ہمراہ وطن واپس پہنچ گئے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے نیشنل اسمبلی کے اسپیکرمحمد باقرقالیباف، وزیرخارجہ عباس عراقچی اورخاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرکے کمانڈرمیجرجنرل علی عبداللہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مذاکرات کا محور خطے میں پائیدار امن کا قیام اور سیکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال رہا۔ فیلڈ مارشل نے مسائل کے حل کیلئے سفارتی کوششوں اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کے خاتمے، کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور دیرپا امن کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔

دورے کے اختتام پر سید عاصم منیر نے ایرانی قیادت اور عوام کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے خیر سگالی کے پیغامات بھی پہنچائے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے جبکہ یہ دورہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا عکاس ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles