
اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں گیس سلینڈر کے دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
دھماکا اتنا شدید تھا کہ تین رہائشی گھر منہدم ہو گئے جبکہ آس پاس کے مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کے فوراً بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی اور ریسکیو اداروں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث ہوا، جہاں گیس سلینڈر اچانک پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں عمارت زمین بوس ہو گئی اور اس کے ملبے تلے کئی افراد دب گئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے 15 افراد کو نکال لیا ہے، جن میں سے زخمی ہونے والے 10 افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ یوسف موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کاموں کی نگرانی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیمیں پوری کوشش کر رہی ہیں کہ ملبے میں دبے کسی بھی ممکنہ فرد کو جلد از جلد نکالا جائے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ اب تک 15 افراد کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے جبکہ سرچ آپریشن مکمل ہونے تک جاری رہے گا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اچانک پیش آنے والے اس واقعے سے لوگ خوفزدہ ہو گئے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی ہے جبکہ گیس اور بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے تاکہ کسی مزید حادثے سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں اور آئندہ ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔