یاتری ویزے پر آئی بھارتی خاتون سربجیت کور بھارت ڈی پورٹ

یاتری ویزے پر پاکستان آنے والی بھارتی خاتون سربجیت کور کو مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد پاکستان میں قیام پر بھارت ڈی پورٹ کر دیا گیا۔

سربجیت کور چار نومبر کو سکھ یاتریوں کے ایک جتھے کے ہمراہ پاکستان آئی تھیں۔ ان کا ویزا 13 نومبر تک کارآمد تھا تاہم ویزے کی معیاد ختم ہونے کے باوجود وہ بھارت واپس نہیں گئیں اور اس دوران ننکانہ صاحب کے رہائشی ناصر حسین سے شادی کرلی۔

پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے تصدیق کی کہ سربجیت کور اور ناصر حسین کو ننکانہ صاحب کے گاؤں پہرے والی سے حراست میں لیا گیا تھا۔

بعد ازاں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بھارتی خاتون کو بھارت ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ پاکستانی شہری ناصر حسین کے خلاف ملکی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

بھارتی خاتون کے ڈی پورٹ ہونے کی تصدیق وکیل علی چنگیزی سندھو نے بھی کر دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ویزا قوانین کی خلاف ورزی پر کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایسے واقعات میں قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

52 سالہ سربجیت کور پنجاب کے ضلع کپورتھلہ کی رہائشی ہیں، وہ اور دیگر سکھ زائرین 4 نومبر کو واہگہ، اٹاری بارڈر کراس کر کے پاکستان آئے تاکہ گرُو نانک دیو کے 555ویں جنم دن کی تقریب، پراکاش پرَو میں شرکت کر سکیں۔

زائرین کی تعداد 1,992 تھی جو تقریباً 10 دن بعد 13 نومبر کو واپس بھارت لوٹے، لیکن سربجیت کور ان کے ساتھ واپس نہیں گئیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles