حکومت پنجاب کا غیر قانونی رہائشیوں اور انتہاپسندی کے خلاف سخت پالیسی اپنانے کا فیصلہ


**پنجاب حکومت نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے کے لیے انتہاپسندی اور سوشل میڈیا پر شرانگیزی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ **
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکیوں اور ریاست کے خلاف سرگرم انتہاپسندوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف بھی پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے کارروائی کی جائے گی۔
صوبائی حکومت نے تمام اضلاع میں وِسل بلور سیل کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ، پنجاب پولیس کا خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے جو انتہاپسندوں اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف شکایات کو نمٹائے گا۔

اجلاس میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کو سختی سے نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ نفرت انگیز مواد یا انتہاپسندی پر مبنی اشتہارات، تصاویر اور پلے کارڈز کی نمائش پر سخت کارروائی، اور غیر قانونی اجتماعات یا زبردستی دکانیں اور بازار بند کرانے والوں پر دہشت گردی کے مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles