ادارے غیرقانونی افغان باشندوں کی جلد واپسی یقینی بنائیں گے، وزیراعظم


وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں اور تمام ادارے غیرقانونی افغان باشندوں کی جلد واپسی یقینی بنائیں گے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت افغانستان کے پاکستان پر حالیہ حملے اور خوارج کی دراندازی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان شریک ہوئے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی شریک نہیں ہوئے جس پر انہوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر وضاحت میں ایک پوسٹ بھی شئیر کی ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان کے پاکستان پر حالیہ حملے اور خوارج کی دراندازی کی کوششوں کا ساتھ دینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اس کے علاوہ افغان مہاجرین سے متعلق معاملات زیر غور آئے جبکہ حالیہ سیلاب کے نقصانات اور مسائل پر بھی غور کیاگیا ہے۔
اجلاس میں پیش کردہ سفارشات پر سختی سےعمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وزیراعظم نے افغانوں کی واپسی کے لیے صوبوں کوتعاون کی درخواست کی ہے۔
وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ وفاق عوام کی فلاح کے لیے صوبوں سے تعاون کے لیے تیار ہے، افغانستان کی پاکستان نے ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے، ہم نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں بھاری نقصان اٹھایا ہے، دہشت گرد حملوں میں افغانیوں کا ملوث ہونا تشویش ناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، اعلیٰ حکومتی عہدیدار متعدد بار افغانستان کے دورے پر گئے، افغان نگران حکومت کو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکنے سے متعلق مذاکرات کیے، پاکستان نے افغانستان سے پاکستان میں خوارج کی دراندازی روکنے کی سفارتی و سیاسی اقدامات کے ذریعے بھرپور کوشش کی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles