سپن بولدک پر افغانستان کے نئے حملے ناکام، تقریباً 20 افغان طالبان اور فتنہ الخوارج ہلاک


پاک فوج نے چمن اور سپین بولدک میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے تقریباً 15 سے 20 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق علی الصبح افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے تین مختلف مقامات پر حملے کیے لیکن پاک فوج کی مؤثر اور بروقت جوابی کارروائی نے انہیں پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان دیہات اور معصوم لوگوں کو اپنی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے، جس کی وجہ سے پاک فوج کو انتہائی احتیاط سے کارروائی کرنا پڑی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے پاک افغان دوستی گیٹ کو بھی نقصان پہنچایا، جو ان کے مقامی تجارت اور آمد و رفت کے حامی نہ ہونے کا واضح ثبوت ہے۔
دوسری جانب افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ قندھار کے ضلع سپن بولدک میں پاکستانی فوج کی جانب سے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے کیے جانے والے حملے کے نتیجے میں کم از کم 12 افغان شہری ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

پاک فوج نے گذشتہ رات کرم سیکٹر پر بھی افغان طالبان کی ایک اور حملے کی کوشش کو ناکام بنایا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں افغان طالبان کی 8 پوسٹیں اور 6 ٹینک تباہ کر دیے گئے جبکہ متعدد دہشتگرد ہلاک ہوئے اور امریکی ساخت کے اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا۔ پاک فوج کی مؤثر کارروائی کے بعد کرم سیکٹر میں فی الوقت صورتحال پرسکون ہے۔
دوسری جانب، افغان فورسز کی جانب سے چمن میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 4 شہری زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ویش منڈی اور سپین بولدک میں افغان طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس میں 2 دہشتگرد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ فی الحال رک گیا ہے اور علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

چمن میں جاری کشیدگی کے باعث آج تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں اور پولیو مہم کو بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے سرحدی علاقوں میں گشت بڑھا کر حالات پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی مؤثر کارروائیوں نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles