
خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے بلا اشتعال فائرنگ کی، جس پر پاک فوج کی جانب سے بھرپور اور شدید جواب دیا گیا، فائرنگ سے افغان طالبان پوسٹوں کا شدید نقصان ہوا اور پوسٹوں پر آگ بھڑک اٹھی، ٹینک بھی تباہ ہوگئے جب کہ طالبان پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کرم میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے بلا اشتعال فائرنگ کی تاہم پاک فوج کی جانب سے بھرپور اور شدید جواب دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کی فائرنگ کی وجہ سے طالبان پوسٹوں کا شدید نقصان ہوا اور افغان طالبان کی پوسٹوں پر آگ بھڑک اٹھی۔
سیکورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں طالبان کا ٹینک بھی تباہ ہوا اور پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ کرم سیکٹر میں افغان طالبان کی ایک اور پوسٹ اور ٹینک پوزیشن تباہ کردی گئی، افغان طالبان اپنی متعدد لاشیں تباہ شدہ پوسٹ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
یاد رہے کہ 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب کو بھی پاک-افغان سرحد پر افغان طالبان اور بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج کی جانب سے بلا اشتعال حملہ کیا تھا، جس میں پاک فوج نے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ قوم کے بہادر سپوتوں نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستان پر بلااشتعال حملوں کا مؤثر جواب دیا، جوابی کارروائیوں میں 200 سے زائد افغان طالبان اور خارجی ہلاک کر دیے گئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 23 سپوت شہید اور 29 زخمی ہوئے تھے۔