افغانستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جارہا ہے، محسن نقوی


وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افغانستان کی جانب سے پاک افغان بارڈر بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی جانب سے کی جانے والی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر افواج نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ ایسی کسی بھی اشتعال انگیزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ افغان فورسز کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا نہ صرف انتہائی قابلِ افسوس ہے بلکہ یہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”پاکستان کی فورسز چوکس ہیں، اور افغانستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جا رہا ہے۔ افغانستان جو آگ و خون کا کھیل کھیل رہا ہے، اس کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔“
محسن نقوی نے خبردار کیا کہ پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی کبھی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور اگر افغان فورسز نے جارحیت جاری رکھی تو بھارت کی طرح منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز افغان فورسز نے پاک افغان سرحد کے مختلف علاقوں پر بلااشتعال فائرنگ کی، جن میں انگور اڈا، باجوڑ، کرم، دیر، چترال اور بارام چاہ (بلوچستان) کے علاقے شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، فائرنگ کا مقصد خارجی دہشت گردوں کو پاکستان میں داخل کرانے کی کوشش تھا۔
پاک فوج کی جانب سے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افغان چیک پوسٹیں تباہ ہوئیں اور درجنوں افغان اہلکار اور دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق، افغان فورسز کئی علاقوں میں پسپا ہو چکی ہیں جبکہ طالبان اہلکار اپنی چوکیاں چھوڑ کر فرار ہو رہے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles