
اورکزئی میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیا ہے۔ دورانِ آپریشن اورکزئی حملے میں ملوث 30 خارجی انجام کو پہنچا دیے گئے ہیں۔
لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت سمیت گیارہ جوانوں کی شہادت میں ملوث تیس دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اورکزئی حملے میں ملوث تمام تیس خارجی اپنے انجام کو پہنچا دیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پُرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران لیفٹیننٹ کرنل اور سیکنڈ ان کمانڈ میجر سمیت 11 جوان شہید ہوگئے تھے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں 19 خوارج مارے گئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بدھ کو جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔