ہنگری کے ادیب لازلو کراسنا ہور کائی نوبیل انعام 2025 کے حق دار قرار

اسٹاک ہوم (رائٹرز) سوئیڈش اکیڈمی نے 2025 کے نوبیل انعام برائے ادب کا اعلان کر دیا۔ یہ انعام اس سال ہنگری کے نامور ادیب لازلو کراسناہورکائی کے حصے میں آیا ہے۔ اکیڈمی کے مطابق یہ اعزاز اُن کے ’’وژنری ادبی کام‘‘ کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

سوئیڈش اکیڈمی نے بیان میں کہا کہ
’’لازلو کراسناہورکائی ایک معتبر اور متاثر کن کہانیاں لکھنے والے مصنف ہیں۔ ان کا طرز تحریر یورپ کے مشہور فرانز کافکا جیسے ادیبوں سے ملتا جلتا ہے، جن کا انداز متاثرکن ہوتا ہے اور اکثر ایسی باتیں ہوتی ہیں جو انسان کو سوچنے پر مجبور کردیتی ہیں۔‘‘

ہنگری سے نوبیل انعام جیتنے والے دوسرے مصنف
لازلو کراسناہورکائی ہنگری کے ایک چھوٹے سے شہر گیولا میں پیدا ہوئے، جو رومانیہ کے قریب ہے۔ وہ ہنگری کے دوسرے مصنف ہیں جنہیں ادب کا نوبیل انعام ملا۔ اس سے پہلے امری کرتیز کو 2002 میں یہ انعام ملا تھا۔

لازلو کا پہلا مشہور ناول ”Satantango“ سنہ 1985 میں شائع ہوا، جو ایک غریب گاؤں کی کہانی ہے جہاں لوگ کمیونزم کے خاتمے سے پہلے ایک خستہ حال فارم میں رہ رہے ہوتے ہیں۔

لازلو نے ہنگری کے فلم ساز بیلا تار کے ساتھ کئی سالوں تک مل کر کام کیا۔ بیلا تار نے لازلو کی کتابوں پر فلمیں بھی بنائیں، جن میں Satantango اور The Werckmeister Harmonies شامل ہیں۔ ان فلموں کو دنیا بھر میں سراہا گیا۔

لازلو کو 1993 میں ان کی کتاب ”The Melancholy of Resistance“ پر جرمنی کا ایک بڑا ادبی انعام بھی دیا گیا تھا۔

گزشتہ سال 2024 میں یہ انعام جنوبی کوریا کی مصنفہ ہان کانگ کو دیا گیا تھا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی جنوبی کوریا کی پہلی اور مجموعی طور پر 18ویں خاتون تھیں۔ ادب کا نوبیل انعام جیتنے والی پہلی خاتون 1909 میں سویڈن کی سیلما لاگرف تھیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles