بھارت کی کسی بھی جارحیت پر پاکستان کا ردعمل تیز، فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا: ترجمان پاک فوج


آئی ایس پی آر نے بدھ کو بھارت کی جانب سے سامنے آنے والے حالیہ بیانات کو ”اشتعال انگیز اور خطرناک“ قرار دیتے ہوئے ان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ان بیانات سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام خطرے میں پڑ سکتا ہے اور یہ جارحیت کی نئی کوششوں کی علامت ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارت شاید اپنے تباہ شدہ لڑاکا طیاروں اور پاکستان کے دور تک مار کرنے والے ہتھیاروں کی تباہ کاریوں کو بھول گیا ہے، بھارت اجتماعی بھول کا شکار ہو کر اب ایک نئے تصادم کی خواہش میں مبتلا دکھائی دیتا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی سیکیورٹی اداروں کے جارحانہ بیانات نوٹ کیے گئے ہیں، بھارتی غیر ذمہ دارانہ بیانات جارحیت کے لیے من گھڑت بہانوں کی نئی کوشش ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ صورت حال جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے، بھارت کئی دہائیوں سے وکٹم کارڈ کا استعمال کرکے فائدہ اٹھا چکا ہے، بھارت نے خطے میں تشدد کو ہوا دے کر دہشت گردی کی سرپرستی کی۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ بھارت کا یہ بیانیہ کافی حد تک بے نقاب ہوچکا ہے، دنیا بھارت کو سرحد پار دہشت گردی کا حقیقی چہرہ تسلیم کرچکی ہے، اب دنیا بھارت کو علاقائی عدم استحکام کا مرکز تسلیم کر چکی ہے۔ بھارت کی جارحیت نے ماضی میں دونوں ایٹمی طاقتوں کو ایک وسیع اور خطرناک جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ بھارت کو اپنے تباہ شدہ طیاروں کا ملبہ اور پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کی طاقت یاد رکھنی چاہیے۔ بھارت اجتماعی یادداشت کی کمزوری کا شکار ہو کر بظاہر ایک نئے اور خطرناک تصادم کی جانب بڑھ رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی دفاعی وزیر اور فوج و فضائیہ کے سربراہان کے انتہائی اشتعال انگیز بیانات سامنے آئے ہیں، بھارتی بیانات کے پیش نظر واضح انتباہ دیتے ہیں مستقبل کا تنازع انتہائی تباہ کن نتیجے کا باعث بن سکتا ہے، اگر جنگ کا نیا دور شروع ہوتا ہے تو پاکستان پیچھے نہیں رہے گا، ہم پوری قوت اور پختہ عزم کے ساتھ کسی قسم کی ہچکچاہٹ یا پابندی کے بغیر جواب دیں گے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ کسی نئے نارمل کے قیام کی کوشش کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے پاکستان نے جواب کا نیا نارمل قائم کر رکھا ہے، یہ نیا نارمل تیز، فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس بار ہم جغرافیائی عدمِ حساسیت کے تصور کو چکنا چور کر دیں گے، اس بار ہم بھارتی سرزمین کے دور دراز ترین حصوں تک کو نشانہ بنائیں گے۔ جارحیت کے جواب میں پاکستان کی عوام اور افواج لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے نے کہا کہ جہاں تک پاکستان کو نقشے سے مٹانے کی بات ہے بھارت کو معلوم ہو کہ مٹانا دو طرفہ ہوگا، بھارت شاید پاکستان کے دور تک مار کرنے والے ہتھیاروں کی تباہ کاریوں کو بھول گیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles