مایونیز ختم ہوجانے پر کسٹمر سیخ پا، کیفے کو آگ لگا دی

یہ ایک چونکا دینے والا واقعہ ہے جب اسپین کے شہر لوس پالا سیوس و یلافرانکا میں ایک شخص نے صرف اس وجہ سے کیفے کو آگ لگا دی کہ عملے نے بتایا مایونیز ختم ہو چکی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق پچاس سالہ شخص اپنے بیٹے کے ساتھ کیفے آیا اور دو سینڈوچ منگوائے۔ جب اس نے ویٹر سے مایونیز مانگی تو بتایا گیا کہ ختم ہو چکی ہے۔ جواب سن کر وہ شخص کیفے سے باہر گیا، قریبی پیٹرول پمپ سے ڈیڑھ لیٹر پیٹرول خریدا اور واپس آکر کیفے کے بار پر انڈیل دیا اور آگ لگا دی۔

اس وقت کیفے گاہکوں سے بھرا ہوا تھا لیکن سب لوگ فوراً باہر نکل گئے۔ عملے نے فائر ایکسٹینگوشر استعمال کرکے آگ پر قابو پا لیا۔ خوش قسمتی سے کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ تقریباً 9,500 ڈالر کا مالی نقصان ہوا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آگ لگاتے ہوئے خود ملزم کا بایاں ہاتھ بھی جل گیا۔ پولیس نے کچھ ہی دیر بعد اسے گرفتار کر لیا۔ کیفے کے عملے نے اس واقعے کو ’غیر حقیقی اور عجیب‘ قرار دیا اور کہا کہ عملے کی فوری کارروائی سے بڑے نقصان سے بچ گئے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles