پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر


چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات پر چین کی وزارت خارجہ کا بیان سامنے آیا ہے۔
اتوار کو چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون اور پاک چین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے۔
وانگ ای نے کہا کہ پاکستانی فوج نے ہمیشہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر عمل درآمد کی بھرپور حمایت کی ہے، دنیا میں پیدا ہوتے ہوئے غیر یقینی حالات میں مضبوط پاک چین تعلقات کو فروغ دینا علاقائی امن و استحکام کے لیے نہایت سودمند ہے۔
چینی وزیر خارجہ کے بقول چین نے ہمیشہ اپنی پڑوسی سفارت کاری میں پاکستان کو اولین ترجیح دی ہے، وقت کے کڑے امتحانات کے باوجود پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں، دونوں ممالک ایک مضبوط روایتی دوستی قائم کر چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا، چین عالمی امور میں پاکستان کے بڑے کردار کا خیرمقدم کرتا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ چین پاکستان کا ”آہنی دوست“ ہے اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہے ہیں، پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنا پورے پاکستانی قوم کا متفقہ موقف ہے۔ سید عاصم منیر نے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں قیمتی تعاون پر چین کی قیادت سے اظہارِ تشکر کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستانی فوج انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون کو فعال طور پر فروغ دینے کے لیے تیار ہے، پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانے کی کوشش جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اقدامات اور ترقی کی راہ پر سفر جاری رکھا جائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles