خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کیلئے وفاقی کابینہ کی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان


وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے وفاقی کابینہ کی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کردیا ہے اور خیبرپختونخوا میں متاثرین کی مدد میں وفاقی اداروں کو مزید متحرک ہونے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرمیں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کی ایک ماہ کی تنخواہ خیبر پختونخوا کے متاثرین کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا اور ہدایت دی کہ تمام وفاقی ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مزید تیزی لائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں، خدمت کا اور لوگوں کے دکھوں پر مرحم رکھنے کا وقت ہے، مصیبت کی گھڑی میں کوئی وفاقی، کوئی صوبائی حکومت نہیں، ہمیں متاثرہ لوگوں کی مدد و بحالی یقینی بنانی ہے، آخری متاثر شخص تک مدد اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی نہیں ہوجاتی، متعلقہ وفاقی وزراء وہیں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جاں بحق ہونے والے افراد کے ساتھ ساتھ متاثرین کو وزیراعظم پیکیج کے تحت بھی امدادی رقوم فراہم کرے گی، ریلیف آپریشن کی نگرانی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان کریں گے جبکہ بجلی، پانی، سڑکوں اور دیگر سہولیات کی بحالی کی نگرانی متعلقہ وفاقی وزراء خود کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ این ایچ اے شاہراہوں کی بحالی میں صوبائی یا قومی شاہراہوں میں تخصیص نہ کرے،امداد کے لیے راستے کھولنا پہلی ترجیح رکھا جائے، وزیرموصلات علاقوں میں خود جاکر بحالی آپریشن کی نگرانی کریں۔
وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو این ڈی ایم اے کو ضروری وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے امدادی اشیاء کی خیبر پختونخوا کے متاثرین میں امدادی اشیاء کی تقسیم کا جامع لائحہ عمل پیش کرے۔
علی امین گنڈاپور کا ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے دینے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ سیلاب متاثرین کے لیے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا اہم اقدام سامنے آیا ہے، انہوں نے اپنی ایک مہینے کی تنخواہ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی کابینہ ارکان 15 اور ممبران صوبائی اسمبلی 7 روز کی تنخواہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے دیں گے۔ اسی طرح اسکیل 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی 2 روز جبکہ اسکیل ایک سے 16 تک کے ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ سیلاب زدگان کو دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ان عطیات کے شفاف استعمال کے لیے بھی طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے میں ایک خصوصی اکاؤنٹ کھولا جائے گا، جس کے استعمال کے لیے نہ صرف صاف اور شفاف طریقہ کار اپنایا جائے گا بلکہ فنڈ کی ایک ایک پائی کا حساب رکھا جائے گا اور فنڈ کی تمام تفصیلات سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب زدگان ہماری خصوصی توجہ اور تعاون کے مستحق ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو دل کھول کر متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles