
کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا کہ بھارتی معیشت مردہ ہو چکی، صرف وزیراعظم اور وزیر خزانہ کو علم نہیں۔
کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے بھارتی معیشت کی صورتحال پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ بھارتی معیشت اب ایک مردہ معیشت بن چکی ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ صدر ٹرمپ نے حقیقت بیان کی ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے ٹیرف کے سوال پر راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ اس بات کو دنیا جانتی ہے، بس بھارتی وزیراعظم اور وزیر خزانہ ہی لاعلم ہیں۔ کیا اس میں کوئی شک باقی رہ گیا ہے؟ بی جے پی نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔
راہول گاندھی کے اس بیان پر سیاسی حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے، جبکہ بی جے پی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر بھارت پر تجارتی پابندیوں کے تحت 25 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا جس کا نفاذ یکم اگست سے ہوگا۔
ڈونلد ٹرمپ نے واضح کیا کہ بھارت اپنا زیادہ تر اسلحہ روس سے خریدتا ہے اور اس وقت چین کے ساتھ روسی توانائی کا سب سے بڑا خریدار ہے اور یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا چاہتی ہے کہ روس یوکرین میں خونریزی بند کرے۔