
لاہور میں موسلا دھار بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، جبکہ نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اور گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔ طارق کالونی سوڈیوال میں ہر طرف پانی ہی پانی جمع ہو گیا۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے مطابق لاہور میں گزشتہ پانچ سے چھ گھنٹے سے بارش جاری ہے، واسا اور انتظامیہ کی تمام ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر افسران و عملہ متحرک ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور کے تمام انڈر پاسز کلیئر ہیں، البتہ چند جگہوں پر نشیبی علاقوں میں پانی موجود ہے، جسے نکالنے کے لیے پورا عملہ کام کر رہا ہے اور انشاءاللہ تھوڑی دیر میں وہ بھی کلیئر ہو جائے گا۔
مون سون بارش کے اس سلسلے میں شہر میں اب تک اوسطاً 133 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 178 ملی میٹر ہوئی، پانی والا تالاب میں 167، گلبرگ میں 141، اقبال ٹاؤن میں 162، فرخ آباد میں 132، سمن آباد میں 149، لکشمی چوک میں 133، گلشن راوی میں 122، چوک ناخدا میں 131، قرطبہ چوک میں 139، مغلپورہ میں 127، جیل روڈ میں 119، تاجپورہ میں 117 اور جوہر ٹاؤن میں 133 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
موٹروے کے مختلف مقامات پر بھی موسلا دھار بارش کی اطلاعات ہیں۔ موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم-2 پر لاہور سے کوٹ مومن، لاہور سیالکوٹ موٹروے، اور ایم-3 پر لاہور سے عبدالحکیم تک بارش ہو رہی ہے۔ قومی شاہراہ پر ٹھوکر نیاز بیگ، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن ہو سکتی ہے، لہٰذا گاڑی احتیاط سے چلائیں اور تیز رفتاری سے گریز کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بارشوں کے پیش نظر اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ہر شہر کی مرکزی اور اندرونی سڑکوں کو جلد از جلد کلیئر کرنے اور بارشی پانی کے نکاس کے عمل کو تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد اور نکاسی آب کی مسلسل مانیٹرنگ کی بھی ہدایت دی ہے۔ واسا حکام کو خود فیلڈ میں پہنچنے کی تلقین کی گئی ہے۔
پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کے نتیجے میں مختلف حادثات پیش آئے جن میں 3 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق شدید زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ شیخوپورہ میں چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے، وہاڑی میں دیواریں گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے، بھکر میں دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے اور ادارے مشینری سمیت عملے کو تیار رکھیں۔ نشیبی علاقوں سے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور چوکنگ پوائنٹس پر پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں، کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں کے قریب نہ جائیں، اور بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔