
پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول لیاری کے علاقے بغدادی میں زمین بوس ہونے والی عمارت کا دورہ کرنے پہنچ گئے، ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ عمارت بنانے والے بلڈر کے خلاف صرف مقدمہ ہی نہیں بلکہ اسے گرفتار بھی کرائیں گے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث غیر قانونی بلڈر کے خلاف صرف مقدمہ درج نہیں ہوگا بلکہ اسے گرفتار بھی کرایا جائے گا۔
نبیل گبول نے اعلان کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جلد شروع کیا جائے گا، اور اس حوالے سے 120 خطرناک عمارتوں کو خالی کرایا جائے گا تاکہ مزید قیمتی جانوں کا نقصان نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا میں ہمیشہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن لیتا رہا ہوں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے کرپٹ افسران نے غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری رکھا، ان کے خلاف محض نوٹس نہیں بلکہ عملی کارروائی کی جائے گی۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کل وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں اس معاملے پر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی عمارتوں میں خرید و فروخت سے گریز کریں اور شعور پیدا کریں تاکہ ایسی صورتحال دوبارہ نہ پیدا ہو۔
نبیل گبول نے واضح کیا کہ شہر میں بے قابو بلڈنگ مافیا اور انہیں تحفظ دینے والے سرکاری عناصر کے خلاف حکومت سنجیدہ ہے اور آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں دیکھنے کو ملیں گی۔