
شیخوپورہ میں نجی فیکٹری میں زہریلی گیس پھیلنے سے 4 مزدور جاں بحق جبکہ 5 کی حالت غیر ہوگئی، ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کرگیس لیکج کو روک کر مزید مزدوروں کو متاثر ہونے سے بچالیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ فلائنگ پیپر مل خانپور میں پیش آیا، فیکٹری میں پلپ والے ٹب کے اندر کام کرتے ہوئے مزدورہ زہریلی گیس کی وجہ سے بے ہوش ہوکر گرگئے۔
ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے حادثے میں 3 مزدور موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 2 کو فرسٹ ایڈ دی گئی جبکہ 4 افراد کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال شیخوپورہ منتقل کردیا گیا جہاں مزید ایک اور مزدور دم توڑ گیا جس کے باعث ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی۔
گیس لیکج کے باعث ابتدائی طور پر 8 مزدور بے ہوش ہوئے تھے جن میں سے 3 موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 5 کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایک مزدور اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا ، چار مزدور اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
جاں بحق مزدوروں میں 40 سالہ عباس، 19 سالہ بلال. 30 سالہ علی حیدر ، 30 سالہ شعیب عبدالستار شامل ہیں ، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کاآغاز کردیا ہے۔