سندھ : متنازع کینالز کے خلاف احتجاج شدت اختیار کر گیا، نوشہرو فیروز میں دھرنا


سندھ میں متنازع کینالز کے خلاف عوامی غصہ ایک بار پھر سڑکوں پر نظر آنے لگا ہے۔ نوشہرو فیروز میں گزشتہ روز شروع ہونے والا احتجاج شدت اختیار کرتے ہوئے دھرنے میں تبدیل ہوگیا، جس کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، اور مال بردار گاڑیوں سمیت مسافر گاڑیاں طویل قطاروں میں پھنسی رہیں۔
قومی شاہراہ کی بندش کو 24 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ اشیائے خوردونوش اور دیگر سامان کی ترسیل بھی متاثر ہوئی ہے۔
دھرنے کے دوران وقفے وقفے سے ہوائی فائرنگ کی اطلاعات ہیں جس سے شہر میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔ ضیا لنجار کے گھر کے اطراف سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جب کہ اسکول اور بازار بند کر دیے گئے ہیں۔ علاقے کی سڑکیں سنسان پڑی ہیں اور لوٹ مار کی وارداتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
نوشیروفیروز؛ مشتعل مظاہرین نے وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا گھر نذرآتش کر دیا
گزشتہ روز پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت سات افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد مشتعل مظاہرین نے وزیرداخلہ سندھ کے گھر پر دھاوا بول دیا، توڑ پھوڑ کی اور بعد ازاں گھر کو آگ لگا دی۔
پولیس کی بھاری نفری دھرنے کے اطراف تعینات ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔ علاقے کے مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر دھرنا ختم کرایا جائے اور امن و امان کی بحالی یقینی بنائی جائے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles