
غزہ میں جاری انسانی بحران اور اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر برطانیہ، فرانس اور کینیڈا نے مشترکہ طور پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کو ٹارگٹڈ پابندیوں کی دھمکی دے دی ہے۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ہم غزہ میں ملٹری آپریشن بڑھانے کی مخالفت کرتے ہیں، غزہ میں انسانی المیہ ناقابل برداشت ہے، اسرائیل باز نہ آیا تو ہم سخت ایکشن لیں گے۔
تینوں ممالک کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہم غزہ میں اسرائیل کے ملٹری آپریشن میں اضافے کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔ غزہ میں انسانی المیہ ناقابلِ برداشت سطح پر پہنچ چکا ہے اور اسرائیل کی جانب سے انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں ناقابل قبول ہیں۔
اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اگر اسرائیل نے اپنی پالیسیوں پر نظرِ ثانی نہ کی اور انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹیں برقرار رکھیں تو برطانیہ، فرانس اور کینیڈا اسرائیل پر سخت اقدامات کرتے ہوئے ٹارگیٹڈ پابندیاں لگا سکتے ہیں۔
تینوں ممالک نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے، انسانی امداد کو بلا تاخیر غزہ پہنچنے دے اور عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔
اعلامیے کے اختتام پر کہا گیا کہ اگر اسرائیل نے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں تو یہ عالمی برادری کے لیے ناقابلِ قبول ہوگا، اور ہم اپنے سفارتی اور معاشی اختیارات کو استعمال کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔