
شہر قائد میں فائرنگ کے واقعات میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جن میں دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ واقعات مختلف علاقوں میں پیش آئے، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے، جو آپس میں سگے بھائی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسرا واقعہ گلشن چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ سے ایک موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے مقتول کی شناخت کامران عباس کے نام سے کی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ بھی مزاحمت کے دوران پیش آیا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے، اور فائرنگ کے اس واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن میں فائرنگ، 3 افراد قتل، 5 زخمی
ناظم آباد گول مارکیٹ کے قریب بھی اسکول کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں باپ جاں بحق جبکہ اس کی کمسن بیٹی شدید زخمی ہو گئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت راشد اور زخمی بچی کی شناخت آمنہ کے نام سے ہوئی ہے۔ اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ باپ اپنی بچی کو اسکول چھوڑنے آیا تھا کہ اسی دوران اسکول کے گیٹ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق راشد کو سر پر گولی ماری گئی، جبکہ بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
کراچی: جناح اسپتال کے قریب ہوٹل پر فائرنگ۔ 1 شخص جاں بحق
شہر میں فائرنگ کے ان واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام واقعات کی تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔