
کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ کے قریب واٹر ٹینکر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے حاملہ خاتون شوہر سمیت جاں بحق ہوگئی، جنم لینے والا نومولود بھی دم توڑ گیا۔
کراچی میں ایک اور المناک حادثہ پیش آیا، جہاں ملیر ہالٹ بس اسٹاپ کے قریب ایک اور موٹرسائیکل سوار خاندان ہیوی ٹریفک کی زد میں آگیا۔
واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو کچل دیا، حادثے کے نتیجے میں خاتون اور مرد شدید زخمی ہوئے، بعد ازاں خاتون اور مرد دم توڑ گئے، جاں بحق ہونے والے میاں بیوی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون حاملہ تھی، پولیس کے مطابق بیوی حاملہ تھی جس نے زخمی حالت میں بچےکو جنم دیا تاہم بچہ بھی دم توڑ گیا۔
جاں بحق شخص کی شناخت عبدالقیوم اور خاتون کی شناخت زینب زوجہ عبدالقیوم کے نام سے ہوئی۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے کے بعد مشتعل عوام نے واٹر ٹینکر کو آگ لگانے کی کوشش کی، واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
حادثے کے فوری بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ، ٹریفک کی روانی بحال کرائی جا رہی ہے۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے کہا کہ پولیس نے ٹینکر کے ڈرائیور اور ہیلپر کو گرفتار کرلیا، دونوں گرفتار ملزمان خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔