
پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کو 15 اپریل تک حفاظتی ضمانت دے دی جبکہ عدالت نے فیصل جاوید کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے حکم دے دیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں سینیٹر فیصل جاوید کی مقدمات تفصیل کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس ثابت اللہ نے کی۔
وکیل درخواست گزار عالم خان ادینزئی نےعدالت کو بتایا کہ مقدمات کی تفصیلات کے لیے یہ درخواست دائر کی ہے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل ملک دانیال خان نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں ان کے خلاف 16 ایف آئی آرز درج ہیں، ہم نے تفصیلات دی ہیں، یہ وہاں عدالتوں میں پیش ہوجائے۔
عدالت نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اور کیسز ہیں تو اس کی رپورٹ بھی جمع کریں، جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر جنرل نیب محمد علی نے کہا کہ نیب کی جانب سے ہم جواب جمع کریں گے۔
جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے کہاکہ ہم نے کل آپ کو ضمانت دی ہے، اس کیس میں بھی وہی تاریخ دیتے ہیں آپ عمرہ کے لیے جائیں آپ کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔
بعدازاں عدالت نے فیصل جاوید کو 15 اپریل تک حفاظتی ضمانت دے دی اور انہیں کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی دے دیا۔